یونیورسٹی آف تربت: ڈیجیٹل دور کی جانب اہم پیش رفت، مصنوعی ذہانت کی تعلیم عام کرنے کا عزم، وائس چانسلر نے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی پروفیشنل کورسز کی کلاسز کا باقاعدہ افتتاح کر دیا
Posted on 16 Apr, 2026 - Published by
تربت(15اپریل2026 )یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے یونیورسٹی کے سٹی کیمپس (شعبہ قانون) میں مصنوعی ذہانت (AI) اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف پروفیشنل سرٹیفکیٹ کورسز کی کلاسز کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔افتتاحی تقریب میں پرووائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد، رجسٹرار گنگزار بلوچ، پروفیشنل کورسز کے فوکل پرسن ڈاکٹر عبدالقیوم، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز اعجاز احمد، پی ایس او ٹو وائس چانسلر میر باہڑ، کورس انسٹرکٹرز مامون رشید اور واہگ بختیار کے علاوہ پہلے بیچ کے طلبہ نے بھی شرکت کی۔ یہ کلاسز شام ساڑھے چار بجے سے ساڑھے چھ بجے تک سٹی کیمپس (شعبہ قانون) اور مین کیمپس میں منعقد ہوں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے کہا کہ تربت یونیورسٹی نے نوجوانوں کی ڈیجیٹل اور فنی مہارتو میں اضافہ کرنے اور مصنوعی ذہانت کی تعلیم عام کرنے کا عزم کررکھا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یونیورسٹی آف تربت نے یہ اقدام اس لئے اٹھایا ہے تاکہ خطے کے نوجوان اور طلبہ جدید ٹیکنالوجی تک آسان رسائی حاصل کرکے موجودہ دور کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بن سکیں۔انہوں نے کہاکہ موجودہ دور میں مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم کا حصول ناگزیر ہوچکا ہے اور مصنوعی ذہانت تیزی سے ایک طاقتور ٹیکنالوجی کے طور پر ابھر رہی ہے جو تعلیم، روزگار اور زندگی کے دیگر شعبوں میں نمایاں تبدیلیاں لا رہی ہے۔ اس لئے تربت یونیورسٹی نے نوجوانوں کو اس ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے اور اس کے ذمہ دارانہ اور اخلاقی استعمال کی مہارت سیکھانے کا عزم کررکھاہے۔اس موقع پر پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد نے کہا کہ یونیورسٹی آف تربت میں جدید کمپیوٹر لیبارٹریز، تجربہ کار انسٹرکٹرز اور تیز رفتار انٹرنیٹ جیسی سہولیات موجود ہیں، جن سے بھرپور فائدہ اٹھا کر طلبہ اپنے مستقبل کو روشن بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو یقین دلایا کہ ان کی تخلیقی صلاحیتوں اور ڈیجیٹل مہارتوں کو نکھارنے کے لیے ایک سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔اس سے قبل پروفیشنل کورسز کے فوکل پرسن ڈاکٹر عبدالقیوم نے اپنے استقبالیہ خطاب میں طلبہ کو خوش آمدید کہا اور کورسز کے اجراء کے اغراض و مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ طلبہ ان مواقع سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے اپنے مستقبل کو روش بنائیں گے۔یونیورسٹی ترجمان کے مطابق اس اقدام کو طلبہ، والدین اور عوامی حلقوں کی جانب سے ایک مثبت اور بروقت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ والدین اور امیدواروں کی درخواست پر یونیورسٹی انتظامیہ نے داخلہ فیس جمع کرانے کی تاریخ 17 اپریل 2026 تک بڑھادی ہے۔ ان امیدواروں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فیس چالان یونیورسٹی آف تربت کے مین کیمپس میں قائم ایڈمیشن سیل یا سٹی کیمپس (شعبہ قانون) سے حاصل کرکے داخلہ فیس حبیب بینک لمیٹڈ کی یونیورسٹی برانچ یا مین برانچ تربت میں جمع کرائیں۔





