News


صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجید کے مالی تعاون سے تربت یونیورسٹی میں منعقدہ اسپورٹس ویک 2026 شاندار انداز میں اختتام پذیر، طلبہ کا جوش و خروش دیدنی رہا

Posted on 18 Feb, 2026 - Published by

 صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجید کے خصوصی فنڈ سے یونیورسٹی آف تربت میں منعقدہ اسپورٹس ویک 2026 شاندار اور رنگا رنگ انداز میں اختتام پذیر ہوگیا۔ ڈائریکٹوریٹ آف اسپورٹس کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے اس رنگارنگ ایونٹ میں مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے گئے، جن میں طلبہ کے ساتھ فیکلٹی ممبران اور انتظامی عملے نے بھی بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔ اسپورٹس ویک کے انعقاد سے کیمپس میں صحت مند مقابلے، باہمی ہم آہنگی اور بین الشعبہ جاتی اسپورٹس مین شپ کا خوشگوار ماحول پیدا ہوا۔ 9 سے 13 فروری تک جاری رہنے والے اسپورٹس ویک کے دوران کرکٹ، فٹبال، والی بال، بیڈمنٹن، فٹسال، رسہ کشی، ٹیبل ٹینس، لڈو، میوزیکل چیئر، پک اینڈ رن، سلو سائیکل ریس، مختلف فاصلے کی دوڑ، کیرم بورڈ، چوکی، شطرنج، لانگ جمپ اور لیمن اسپون ریس سمیت متعدد مقبول علاقائی و قومی کھیلوں کے دلچسپ مقابلے منعقد ہوئے۔ کسی نے کامیابی حاصل کی تو کسی نے ہار کو خوش دلی سے قبول کیا، کیونکہ جیت اور ہار کھیل کا لازمی حصہ ہیں۔مردوں کے مقابلوں میں کرکٹ کا ٹائٹل شعبہ اکنامکس نے اپنے نام کیا، جبکہ فٹبال اور والی بال میں شعبہ منیجمنٹ سائنسز چیمپئن قرار پایا۔ ٹیبل ٹینس میں شعبہ لاء کے مزمل یحییٰ فاتح رہے۔ بیڈمنٹن میں فیکلٹی ممبر ڈاکٹر شاہ میر بلوچ اور بدل خان کامیاب قرار پائے، جبکہ شطرنج کے فائنل مقابلے میں شعبہ اکنامکس کے طالب علم محب الہی بخش نے کامیابی حاصل کی۔ خواتین کے مقابلوں میں کرکٹ اور فٹبال کے فائنلز شعبہ لاء نے جیتے۔ بیڈمنٹن میں شعبہ انگلش کی شریجہ، ٹیبل ٹینس میں شعبہ ایجوکیشن کی گل صبا جبکہ شطرنج میں شعبہ سوشیالوجی کی طالبہ صدگنج نے کامیابی حاصل کی۔ترجمان تربت یونیورسٹی کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے اسپورٹس ویک کے انعقاد کے لیے مالی تعاون فراہم کرنے پر صوبائی مشیر محترمہ مینا مجید کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے جیتنے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ خوش آئند امر ہے کہ یونیورسٹی کے طلبہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی بھرپور حصہ لے رہے ہیں جو ایک متوازن، پراعتماد اور باصلاحیت شخصیت کی تشکیل کے لیے نہایت اہم ہے۔

وائس چانسلر کا مزید کہنا تھا کہ نوجوانوں کے پوشیدہ ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے، ان کی ڈیجیٹل مہارتوں میں اضافہ کرنے، قائدانہ صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے یونیورسٹی ایک جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے، تاکہ نوجوان صوبائی اور قومی ترقی میں موثر کردار ادا کر سکیں۔

اسپورٹس ویک کے کامیاب انعقاد میں تعاون کرنے پر انچارج اسپورٹس مظہر علی نے تمام تدریسی و انتظامی شعبہ جات کے سربراہان، فیکلٹی ممبران، انتظامی عملے اور طلبہ و طالبات کا شکریہ ادا کیا۔